منگلورو30/نومبر (ایس او نیوز) کاسرگوڈ کے پُتّگے کے پاس جمعہ کی رات کو ریلوے پٹری پر سدرشن (20سال) نامی نوجوان کی لاش جو برآمد ہوئی تھی اس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کا قتل ایک عادی مجرم ڈی کے رکشت نے کیا تھا۔
الال پولیس کا کہنا ہے کہ جمعہ کی رات میں رکشت نے پولیس اسٹیشن کو فون کرکے بتایا کہ اس نے سدرشن کاقتل کردیا ہے اور اس کی لاش کو ریلوے پٹری پر پھینک دیا ہے۔ اس نے یہ بھی بتایا تھاکہ سنیچر کے دن وہ خود ہی اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرے گا، کیونکہ اسے خوف ہے کہ اگر آج ہی پولیس اس کوپکڑ لے گی تو پھر اسے انکاؤنٹر میں مار ڈالے گی۔رکشت کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کاپیکاڈ تھوکٹو کا رہنے والا ہے اور ایک ہسٹری شیٹر ہے۔اس پر بشمول قتل کی کوشش کے دیگر کئی مجرمانہ معاملات درج ہیں۔سدرشن نامی نوجوان کے قتل کا جو تازہ معاملہ سامنے آیا ہے اس کے تعلق سے بتایا جاتا ہے یہ قتل کسی لڑکی سے تعلقات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔